لشکر جھانگوی کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا

واشنگٹن 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے لشکر جھانگوی کے معاون بانی ملک اسحاق کو جو پاکستان کی شیعہ اقلیت کے کئی ارکان کی ہلاکت کے ملزم ہیں، عالمی دہشت گرد قرار دیا۔ عالمی دہشت گرد قرار دینے کے نتائج میں امریکی شہریوں پر اسحاق کے ساتھ کوئی لین دین کرنے پر امتناع ، اُن کی جائیداد اور مفادات کو جو امریکہ میں موجود ہے، منجمد کردینا اور اُن سے متعلق امریکی شہریوں کے اثاثہ جات منجمد کرنا بھی شامل ہے۔ اسحاق کا ایک اکاؤنٹ نمبر ہے جس کے ذریعہ وہ چندے حاصل کرتے ہیں۔ 1997 ء میں اسحاق نے اعتراف کیا تھا کہ وہ 100 سے زیادہ پاکستانیوں کی موت واقع ہونے کی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ وہ 14 سال سزائے قید بھگت کر 2011 ء میں ثبوتوں کی عدم موجودگی کی بناء پر رہا کئے گئے تھے۔

گزشتہ سال فبروری میں پاکستانی پولیس نے اُنھیں 10 جنوری اور 16 فبروری 2013 ء کو جنوبی مغربی شہر کوئٹہ میں بم دھماکوں کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا۔ اِن بم دھماکوں سے 250 پاکستانی جن میں سے بیشتر شیعہ تھے ، ہلاک ہوگئے تھے۔ لشکر جھانگوی نے بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی تھی۔ لشکر جھانگوی مسلح حملوں اور بم حملوں کی ماہر ہے اور اِس نے شیعہ فرقہ کے کئی افراد کی ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ پاکستان کی اِس تنظیم نے شہری سماج کے کئی قائدین کو بھی قتل کیا ہے۔ 2013 ء میں پرہجوم بلیرڈس ہال کوئٹہ پر بھی اِس نے حملہ کیا تھا، جس میں 80 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ موجودہ اقدام کے قانونی نتائج پر فوری اثر کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی۔ لشکر جھانگوی کو مادی یا وسائل کے ذریعہ مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔