دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کو مشترکہ کوشش کرنی چاہئے، فوجی سربراہ دلبیر سنگھ کا بیان
نئی دہلی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ نے آج پاکستان پر تنقید کی کہ وہ جیش محمد اور لشکرطیبہ جیسے دہشت گرد تنظیموں کی درپردہ تائید کررہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی کا سامنا کرنے کیلئے مشترکہ کوشش کی جانی چاہئے۔ جموں کشمیر کے پام پورہ علاقہ میں لشکرطیبہ کے مشتبہ کارکنوں کے حملہ کے چند دن بعد سوہاگ نے کہا کہ پاکستان لشکرطیبہ، جیش محمد جیسی تنظیموں کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے اور ہماری مغربی سرحدوں سے تائید جاری ہے۔ پام پورہ میں حملہ کے بعد تین فوجی جوان ہلاک ہوئے ان میں اسپیشل فورسیس کے دو کپتان اور سی آر پی ایف کے دو جوان شامل ہیں۔ مسلح بیرونی دہشت گردوں کی فائرنگ میں یہ ہلاکتیں ہوئیں جنہیں 24 گھنٹوں کی مدبھیڑ کے بعد ہلاک کردیا گیا۔ فوج کی جانب سے منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے فوجی جنرل نے کہا کہ دولت اسلامیہ کے بڑھتے اثرات خاص کر سوشیل اور دیگر میڈیا ذرائع سے دولت اسلامیہ کے بارے میں تشہیر کی جارہی ہے۔ یہ حرکتیں عالمی اور علاقائی سلامتی کیلئے چیلنج بن رہی ہیں۔ سب سے تشویشناک بات یہ ہیکہ یہ گروپ برسوں سے سرگرم ہیں اور انہیں اب تک ختم نہیں کیا جاسکا۔ یہی گروپ علاقائی تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ایسے جہادی تنظیموں نے فینانس، کامرس اور مالیہ کی آسانی سے منتقلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔ لہٰذا ضروری ہیکہ تمام عالمی برادری اس لعنت کا مشترکہ مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ 9/11، 26/11 اور پیرس میں حالیہ حملہ کے طور طریقہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ لہٰذا عالمی قائدین کو اس دہشت گردی سے بڑھتے خطرات کا فوری جائزہ لینا ہوگا۔ فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ ہمیں نہ صرف دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے طور طریقوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے بلکہ دہشت گردی کے پھیلنے کے اسباب کو بھی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اصل خطرہ بنیاد پرستانہ نظریہ سے ہے۔ بنیاد پرستی کی حامل تنظیمیں ہی عسکری سوچ کو فروغ دے رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر اور ترجمان ایم جے اکبر نے بھی اس سمینار سے خطاب کیا اور پاکستان کو جہادیوں کا گڑھ قرار دیا۔ فوجی جنرل نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ دہشت گردی کی بڑھتی لعنت کو ختم کرنے کیلئے عصری اور مؤثر کارروائی پر غور کرے ۔ اس سمینار میں فوجی سربراہ دلبیر سنگھ پڑوسی ملک میں فروغ پانے والی دہشت گرد تنظیموں پر تشویش ظاہر کی۔