احمدآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر صدر چین ژن پنگ کا اپنے آبائی شہر احمدآباد میں فقیدالمثال خیرمقدم کیا۔ کل دونوں قائدین کے درمیان دہلی میں چوٹی ملاقات ہوگی اس سے توقع ہے کہ سیاسی اور معاشی تعلقات کو ایک نئی جہت عطا کی جائے گی۔ صدر چین کی حیثیت سے جائزہ لینے کے ایک سال بعد اپنے پہلے دورہ ہندوستان پر صدر چین احمدآباد پہنچے جہاں نریندر مودی نے سابرمتی کے کنارے واقع شاندار تفریح گاہ میں واقع گجراتی ویجٹیرین ڈنر سے تواضع کی۔ اپنی شخصی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے نریندر مودی نے چین کے صدر کے ساتھ اچھے تعلقات کا مظاہرہ اور میزبانی کے شاندار فرائض انجام دیئے۔
صدر چین کے ہمراہ اس دورہ میں ان کی اہلیہ بھی شامل ۃیں۔ ایرپورٹ سے وہ سیدھے حیات ہوٹل پہنچے جہاں نریندر مودی نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ بات چیت کی۔ ادھر ہند ۔ چین تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کے درمیان لداخ خطہ میں چینی فوج اور شہریوں کی دراندازی کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان نارک سرحدی مسئلہ کو حل کرنے میں ہر دو جانب سے پیشرفت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ 3 روزہ دورہ کے دوران صدر چین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ سرحدی مسئلہ پر بھی بات چیت ہوگی۔ نریندر مودی کی 64 ویں سالگرہ پر صدر چین نے مبارکباد پیش کی۔ جن پنگ جو سری لنکا سے یہاں پہنچے، ان کا استقبال گجرات گورنر او پی کوہلی اور چیف منسٹر آنندی بین پٹیل کے ساتھ ساتھ ریاستی کابینی وزراء نے کیا۔ چینی صدر کے ہمراہ ان کی شریک حیات پینگ لی یوان ہیں۔ وہ پہلے اہم بیرونی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنا دورۂ ہند گجرات سے شروع کیا ہے۔ اپنی آمد پر ژی کو پولیس گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مودی نے صدر چین کو گیتا کی ایک کاپی تحفہ میں دی۔