ممبئی، 28 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سنیما میں گزشتہ چھ دہائی سے اپنی آواز سے سامعین کو دیوانہ بنانے والی لتا منگیشکر کے بارے میں کچھ ایسے دلچسپ حقائق ہیں جن کے بارے میں موجودہ نسل کو معلوم نہیں ہے ۔ اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئی لتا منگیشکر کا اصلی نام ہیما ہریدکر تھا۔ ان کے والد دینا ناتھ منگیشکر مراٹھی اسٹیج سے منسلک تھے ۔ پانچ سال کی عمر میں لتا نے اپنے والد کے ساتھ ڈراموں میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔لتا کی پہلی کمائی محض 25 روپے تھی جو انہیں ایک اسٹیج پروگرام میں گانے کے دوران ملی تھی۔۔انہیں بچپن سے ریڈیو سننے کا بہت شوق تھا۔ جب وہ 18 برس کی تھی تب انہوں نے اپنا پہلا ریڈیو خریدا تھا اور جیسے ہی انہوں نے ریڈیو آن کیا تو کے ایل سہگل کی موت کی خبر سنائی دی جس کے بعد انہوں نے ریڈیو دوکاندار کو واپس لوٹا دیا۔ بچپن میں انہیں سائیکل چلانے کا بہت شوق تھا جو پورا نہیں ہو سکا ۔