لب سڑک بم دھماکہ سے پاکستان میں دو فوجی زخمی

پشاور۔3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) شمال مغربی پاکستان کے شہر پشاور کے قریب ایک فوجی گاڑی کے لب سڑک بم دھماکہ کی زد میں آجانے سے کم از کم دو فوجی زخمی ہوگئے ۔ اس گاڑی میں 12فوجی سفر کررہے تھے جسے اسلام آباد ۔ پشاور شاہراہ پر شہر پشاور کے ٹال پلازا کے قریب حملہ کا نشانہ بنایا گیا ۔ فوجی قافلہ کی گاڑیاں جو اس کے پاس سے گزر رہی تھی ریموٹ کنٹرول آلہ کے ذریعہ دھماکہ کیا گیا جس سے قافلہ کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور دو فوجی معمولی سے زخمی ہوگئے ۔ فوج کے ترجمان نے حملہ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوں کی گرفتاری کیلئے مضافاتی علاقوں میں تلاش مہم پر فوج کو روانہ کیا گیا تھا ۔ دھماکہ کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے ۔