لبنان کے دیوالیہ ہونے کا اندیشہ : سعد الحریری

بیروت۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مشرق وسطیٰ میں واقع ملک ’لبنان ‘ان دنوں شدید اقتصادی بحران میں گھرا ہے۔ لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے کہا ہے کہ بلاشبہ لبنان کو اقتصادی بحران کا سامنا ہے لیکن ملک کے دیوالیہ ہونے کا کوئی امکان نہیں، اصلاحات سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔ دوسری جانب بعض سیاست دان اقتصادی تجزیہ کار اور مالیاتی ادارے لبنان کے اقتصادی حالات کا مختلف منظر نامہ پیش کر رہے ہیں۔ عالمی بینک نے رپورٹ دی ہے کہ لبنان کی معیشت کا بنیادی ڈھانچہ مخدوش ہے۔سعودی عرب اور خلیجی ممالک ماضی میں لبنان کی اچھی خاصی مالی مدد کیا کرتے تھے لیکن اب ان ملکوں نے بھی ہاتھ کھینچ لیا ہے۔شامی بحران کے حل سے اس کی لاٹری نہیں نکلے گی بلکہ شام کے بحران نے لبنانی معیشت کو مزید بگاڑ دیا ہے۔صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے لبنانی حکومت میں شامل ایران نواز حزب اللہ پر اقتصادی پابندیاں عائد کر کے لبنان کے اقتصادی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔لبنان میں بڑے حلقے کو ملک کے دیوالیہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس کی دلیل لبنان کا توازن و تجارت خسارے سے دوچار ہونا ہے۔لبنان کو قومی قرضوں کا سود چکانے کیلئے سالانہ 20ارب ڈالرز سے زیادہ کا قرضہ لینا پڑ رہا ہے۔