لبنان میں خود کش بم دھماکہ، چار افراد ہلاک

بیروت، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لبنان کے شام کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے وادی بقاع میں ایک پٹرول اسٹیشن پر خود کش کار بم حملے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور گیارہ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ لبنانی میڈیا ذرائع کے مطابق شام کی سرحد کے نزدیک واقع قصبہ النبی عثمان میں خودکش حملہ آور نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنی بارود سے بھری کار کو دھماکے سے اڑایا۔یہ قصبہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اہل سنت جنگجوؤں کے ایک گروپ بعلبک میں لواء احرار السنہ نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ لبنانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بم دھماکے کے مہلوکین میں حزب اللہ کا ایک مقامی عہدہ دار عبد الرحمن بھی شامل ہے۔ حزب اللہ کے ملکیتی المنار ٹیلی ویژن پر نشر کی گئی ویڈیو میں پولیس نے دھماکے کی جگہ اور ایک تباہ شدہ کار کا محاصرہ کررکھا ہے۔واضح رہے کہ لبنان میں حالیہ مہینوں کے دوران حزب اللہ کے کنٹرول والے مشرقی علاقوں میں متعدد بم دھماکے ہوچکے ہیں۔