لا90 لاکھ مکانات کو ایل ای ڈی بلبس کی سربراہی

اندرون 100 یوم 25 بلدیات میں خصوصی بلبس کی فراہمی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 90 لاکھ مکانات کو ایل ای ڈی بلبس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہی حکومت کا اہم مقصد ہے اور ریاست تلنگانہ میں پائی جانے والی 25 بلدیات آئندہ 100 یوم میں ایل ای ڈی بلبس فراہم کرنے کا حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے بعد وزیر بلدی نظم و نسق اور انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ مکانات و بلدیات کو ایل ای ڈی بلبس کی فراہمی کے مسئلہ پر غور و خوض کرنے کے لئے چیف منسٹرس کیمپ آفس پر ان کی (کے ٹی راما راؤ کی) صدارت میں وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی، وزیر امکنہ و انڈومنٹ مسٹر اندرا کرن ریڈی کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا اور اجلاس میں ایل ای ڈی بلبس کی سربراہی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ بہرصورت ریاست میں 90 لاکھ مکانات کے علاوہ 25 بلدیات کو ایل ای ڈی بلبس کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس اجلاس میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلیٰ عہدیدار، برقی کمپنی ڈسکام کے اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ ساتھ ایل ای ڈی بلبس سربراہ کرنے والے مرکزی زیرانتظام ادارہ ای ایس ایس ایل کے نمائندے بھی شریک تھے۔