عازمین حج کی درخواستوں پر خصوصی توجہ ‘قدیم پاسپورٹس غیر کارکرد
حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر شریمتی اشونی ستارو نے آج بتایا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس نے ملک میں سب سے زیادہ پاسپورٹس اجراء کرنے میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال 2014ء میں 6.95 لاکھ پاسپورٹس جاری کئے گئے ہیں اور گذشتہ سال سے 13 فیصد زیادہ پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ شریمتی اشونی نے مزید بتایا کہ جاریہ سال 24 نومبر سے ہاتھ سے تحریر کردہ اور مشین کے بغیر کتابت شدہ پڑھے جانے کے قابل پاسپورٹس ناکارہ ثابت ہوں گے۔ ایسے افراد جن کے قدیم پاسپورٹ کی مدت 20 سال ہے انہیں یہ مشورہ دیا گیا ہیکہ وہ اپنے پاسپورٹس کی تجدید (رینیول) کرالیں۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش کے ضلع اننت پور، چتور، کڑپہ، کرنول، نیلور، وجئے واڑہ، گنٹور، پرکاشم کے پاسپورٹ درخواستوں کی وصولی وشاکھاپٹنم ریجنل پاسپورٹ آفس میں عمل میں آئی۔ پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ سب سے زیادہ پاسپورٹ کی اجرائی اس لئے ممکن ہوئی ہے کیونکہ عادل آباد میں 9 دن، محبوب نگر اور میدک میں 8 ، ضلع کرشنا میں 6 دن اور حیدرآباد و سائبرآباد میں پولیس کی جانب سے 21 دن میں پاسپورٹ درخواست گذاروں کی تصدیق کی جارہی ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ عازمین حج 2015ء قبل از وقت پاسپورٹ کی درخواستیں داخل کریں اور اس کیلئے پاسپورٹ سیوا کیندرا میں درخواستوں کی وصولی اور پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے خصوصی توجہ مرکوز ہے۔