لا اینڈر آر ڈر کی برقراری کیلئے بہت کچھ کیا گیا

لکھنو 3 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال پر تنقیدوں کا شکار چیف منسٹر اکھیلیش سنگھ یادو نے آج تنقید کو مسترد کردیا اور کہا کہ حالانکہ ان کی حکومت اس محاذ پر کام کر رہی ہے لیکن میڈیا میں اس کی تشہیر نہیں ہو رہی ہے ۔ اکھیلیش یادو نے کہا کہ جب کبھی لا اینڈر آرڈر کا کوئی مسئلہ ہوتا ہے اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے ۔ ہم نے کئی موقعوں پر برسر موقع کارروائی کی ہے تاہم یہ الگ بات ہے کہ حکومت کے کام کاج کو میڈیا میں درکار تشہیر نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے ریاست میں مجرمانہ واقعات کی روک تھام کیلئے بہت کچھ کیا ہے اس کے علاوہ ریاست کی ترقی پر بھی کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر کے مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم نے جہاں ایک جانب ترقی کے محاذ پر کام کیا ہے وہیں ہم نے لا اینڈ آرڈر کے محاذ پر بھی کام کیا ہے اور یہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔ قائد اپوزیشن سوامی پرساد موریہ کے اس استدلا ل کو مسترد کرتے ہوئے کہ حکومت کا کام کاج کہیں دکھائی نہیں دیتا ہے چیف منسٹر نے کہا کہ جن لوگوں کو ترقیاتی کام دکھائی نہیں دیتا شائد انہوں نے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں۔