لاہور ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شہر لاہور میں پولیس ہیڈکوارٹرس پر آج ایک خودکش بمبار حملے میں بشمول دو ملازمین، کم سے کم 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ تحریک طالبان نے دعویٰ کیا کہ حکومت پاکستان کے ذمہ داروں کی طرف سے ان (طالبان) کے ارکان کو پھانسی پر لٹکائے جانے کا انتقام لینے کیلئے یہ حملہ کیا گیا۔ لاہور پولیس کے سربراہ امین وائنے نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’ایک خودکش بمبار نے قلعہ گجر سنگھ میں پولیس لائنس کے قریب دھماکہ کردیا۔ 6 افراد ہلاک اور دیگر 8 زخمی ہوگئے ہیں‘‘۔ وائنے نے مزید کہا کہ ’’خودکش بمبار دراصل پولیس ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونا چاہتا تھا، جس میں ناکامی کے بعد خود کو دھماکہ سے اڑا لیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وسیع تر بندوبست کے سبب خودکش بمبار داخلہ میں ناکام ہوا ہے۔ اس دوران تحریک طالبان سے ایک علحدہ شدہ گروپ جماعت الاحرار نے یہ حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔