لاہور 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) لاہور میں وزیر اعظم نواز شریف کی قیامگاہ سے محض دو کیلومیٹر کے فاصلے پر طالبان دہشت گردوں اور سکیوریٹی فورسیس کے مابین ہوئی جھڑپ میں ایک پولیس کمانڈو اور دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ جھڑپ دس گھنٹوں تک جاری رہی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک عسکریت پسند جھڑپ کے مقام پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے دہشت گرد کو زندہ گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم وہ جناح ہاسپٹل میں اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ کہا گیا ہے کہ پولیس نے رائے ونڈ علاقہ میں دو بجے کے وقت یہ کارروائی شروع کی تھی جب انہیں اطلاع ملی تھی کہ کچھ عسکریت پسند ایک دو منزلہ مکان میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ سپرٹنڈنٹ پولیس زاہد نواز نے یہ بات بتائی ۔ پولیس نے مکان کا محاصرہ کیا اور دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے دستی بم پھینکے تھے ۔ اس کے بعد ہوئی جھڑپ میں یہ ہلاکتیںہوئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ طالبان کی فائرنگ اور بم حملوں میں پانچ کمانڈوز زخمی ہوئے اور وہ دواخانہ میں شریک کردئے گئے جہاں ایک کمانڈو فوت ہوگیا ۔