٭٭جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تاحال 2.37 لاکھ سے زائد افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ تقریبا 75 ہزار افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے ۔ دفاعی ترجمان کرنل ایس ڈی گو سوامی نے آج کہا کہ مسلح فورسیس اور این ڈی آر ایف نے جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں جاری راحت کاری کارروائیوں کے دوران اب تک 2.37 لاکھ سے زائد افراد کو بچالیا ہے ۔ ہندوستانی فضائیہ نے 3,887 ٹن راحت کاری اشیاء جموں و کشمیر کو پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے پانی کی سطح کم ہورہی ہے لیکن وبائی امراض کا اندیشہ بڑھ گیا ہے ۔ اب یہاں صاف پانی کی فراہمی ایک اہم مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلٹر کئے ہوئے پانی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جودھپور اور رائے پور سے ہیوی ڈیوٹی پمپس حاصل کئے جارہے ہیں تا کہ پانی کی نکاسی کا عمل تیز ہوسکے ۔