لاکھوں افراد کا فرار سلامتی کونسل کی ناکامی کا نتیجہ

لندن 20 جون (سیاست ڈاٹ کام )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نمایاں طور پر بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ عراق اور شام جیسے ممالک میں تاخیر سے جوابی کارروائی کے نتیجہ میں تشدد بڑے پیمانے پر پھیل گیا۔ عالمی پناہ گزینوں کے دن انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خواہش کی کہ زیادہ فیصلہ کن انداز میں شہریوں کا تحفظ کرے اور لاکھوں افراد کو بے گھر ہونے سے بچائے۔ سلامتی کونسل کی اور بعض معاملات میں اقوام متحدہ کی سکریٹریٹ کی بے عملی اور تاخیر سے جوابی کارروائی کے نتیجہ میں شام، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ اور عراق میں خانہ جنگی جاری ہے۔

تشدد بڑے پیمانے پر پھیل گیا ہے اور یہ ممالک بامعنی کارروائی سے پہلے ہی بری طرح تباہ ہوچکے ہیں۔ بے حسی، سیاسی اتحاد اور اپنی ڈھاک جمانے کے طریقوں کا اختتام ہوجانا چاہئے کیونکہ ان سے انسانی حقوق کے بارے میں فکری مندی پیدا ہوتی ہے۔ سلامتی کونسل جیسے فیصلہ ساز اداروں کو فوری کارروائی کرنی چاہئے۔ڈپٹی ڈائرکٹر برائے عالمی مسائل ایمنسٹی انٹرنیشنل السید علی نے کہا کہ سفارتکار مباحث میں مصروف ہیں جبکہ گھر جلائے جارہے ہیں۔ خاندانوں کو فرار پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ قرار دادوں کا استرداد اور کارروائی میں غیر معمولی تاخیر کے نتیجہ میں ایسے واقعات پیش آرہے ہیں۔