لاکھن انکاؤنٹر کیس: پولیس ملازمین کی سزا چھ ماہ معطل

ممبئی ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مہاراشٹرا نے 2006ء کے لاکھن بھیا فرضی انکاؤنٹر کیس میں مجرم قرار دیئے گئے 11 پولیس ملازمین کی سزائے قید چھ ماہ کیلئے روک دی، جس سے اُن کی عاجلانہ رہائی ہورہی ہے۔ یہ پولیس ملازمین ممبئی سیشنس کورٹ کی جانب سے جولائی 2013ء میں مجرم قرار دیئے گئے تھے اور موجودہ طور پر تھانے سنٹرل جیل میں عمر قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔ تاہم حکومتی فیصلے کے پیش نظر تمام 11 مجرمین فوری اثر کے ساتھ جیل سے باہر آجائیں گے۔ گزشتہ روز محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق سزائے قید پر چھ ماہ کا التوا اُس روز سے شمار ہوگا جس دن یہ مجرمین جیل سے باہر آئیں گے۔ شرائط میں یہ بھی کہا گیا کہ مجرم ملازمین پولیس اس کیس کے گواہوں سے ملاقات نہیںکریں گے اور نہ رام نارائن وشواناتھ گپتا عرف لاکھن بھیا کے ارکان خاندان کو دھمکائیں گے۔ وہ اچھے طرزعمل کا مظاہرہ کریں گے اور اس چھ ماہ کی مدت کے دوران کوئی جرم نہیں کریں گے۔ لاکھن بھیا کو انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کا قریبی مددگار مانا جاتا تھا۔ 11 نومبر 2006ء کو اس کی ہلاکت کے چار روز بعد اس کا بھائی بامبے ہائی کورٹ سے رجوع ہوا اور الزام عائد کیا کہ لاکھن کو ممبئی پولیس نے بے رحمانہ انداز قتل کیا ہے۔