لاپتہ ہندوستانی نژاد نوجوان لڑکی مردہ پائی گئی

لندن 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال ڈسمبر سے ویلز سے لاپتہ ایک ہندوستانی نژاد نوجوان لڑکی کی موت کی پولیس نے توثیق کردی۔ متوفیہ 19 سالہ ندا نصیر آخری بار 28 ڈسمبر کو رات 8 بجے اپنے مکان موقوعہ لنٹن اسٹریٹ، نیو پورٹ میں دیکھی گئی تھی اور اُس کے بعد سے اس کا موبائیل فون بھی استعمال نہیں کیا گیا۔ حالانکہ 28 ڈسمبر کو ندا نصیر صرف اپنے گھر کا کچرا باہر ڈبے میں ڈالنے گئی تھی۔

ونیٹ پولیس نے نعش کی شناخت کا کام مکمل کرلیا۔ دریں اثناء انسپکٹر کریسٹ ہائیرے نے کہاکہ اُنھیں یہ اطلاع دیتے ہوئے بہت افسوس ہورہا ہے کہ جو نعش ملی ہے وہ ندا نصیر کی ہے جن کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا کیونکہ موت کی وجوہات ہنوز نامعلوم ہیں۔ ندا نصیر کی موت کی اطلاع متوفیہ کے ارکان خاندان کو دی گئی ہے۔ اُس کی بڑی بہن 23 سالہ شمیلہ نے جاریہ سال کے اوائل میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ندا نصیر کے غائب ہوجانے کی وجہ شاید اُس کی وہ مایوسی ہوسکتی ہے کیونکہ یونیورسٹی میں پڑھائی کا موقع نہیں مل پایا تھا۔