لندن 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک 50 سالہ ہندوستانی نژاد شخص جو برطانیہ میں کرسمس کے روز سے پُر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا، اس کی نعش ویسٹ مڈلینڈ کے ایک مکان کے بیسمنٹ سے برآمد ہوئی جس کے بعد پولیس نے اسے قتل کا معاملہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اطلاعات کے مطابق متوفی بلجیت سنگھ برمنگھم کے ہاربورن کا ساکن تھا۔ 23 ڈسمبر کو اپنے مکان سے باہر جانے کے بعد وہ واپس نہیں آیا۔ وہ اس وقت اپنے بیٹے کی سالگرہ کا کیک خریدنے گھر سے باہر نکلا تھا ۔ دریں اثناء ویسٹ مڈ لینڈس پولیس نے بتایا کہ بلجیت کے قتل کے شبہ میں ایک خاتون اور ایک مرد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ڈیٹکٹیوز نے قتل معاملہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ 32 سالہ مرد اور 27 خاتون سے پولیس پوچھ گچھ کررہی ہے جن کا تعلق سینڈویل سے بتایا گیا ہے۔