کوالالمپور ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ ہشام الدین حسین نے کہا ہے کہ بحرِ ہند کے جنوبی حصے میں جہاں ملائیشیا کی فضائی کمپنی کے لاپتہ طیارہ کے ملبے کی تلاش کا آج احیاء ہوا، وہاں فلائٹ MH370 کے ممکنہ ملبے کے مزید 122 ٹکڑے دیکھے گئے ہیں جن تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہشام الدین نے بتایا کہ طیارہ کے ممکنہ ملبے کی تصاویر 23 مارچ کو بنائی گئی تھیں۔ ان ٹکڑوں میں سے بعض کی لمبائی75 فیٹ تک ہے۔ انھوںنے کہا کہ سٹیلائٹ سے دیکھے گئے یہ ٹکرے چمکدار ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ دھات کے بنے ہیں۔ ہشام نے کہا کہ لاپتہ طیارہ کے ممکنہ ٹکڑے پرتھ سے 2557 کلومیٹر دور سمندر کے دور افتادہ حصے کے 400 مربع کلو میٹر کے علاقے میں دیکھے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ تمام معلومات آسٹریلیا کے رسکیو سنٹر کودی گئی ہیں۔ آسٹریلیا کی میریٹائم سیفٹی اتھارٹی (امسا) نے کہا کہ چہارشنبہ کو تلاش کے کام میں 12 طیارے مصروف ہیں۔ اتھارٹی نے بتایا کہ اب موسم بہتر ہے اور تلاش کا کام جاری ہے۔ ’امسا‘ کے مطابق اس وقت تلاش کے عمل میں چھ ممالک آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، امریکہ، جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے سات فوجی اور پانچ عام طیارے شریک ہیں۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا کا جنگی بحری جہاز ایچ ایم اے یس سکسیس بھی اس علاقہ میں مصروف ہے جہاں رواں ہفتے ملبے کے دو ممکنہ ٹکڑوں کی نشاندہی ہوئی تھی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے پیر کو باقاعدہ طور پر طیارہ کی بحرِ ہند میں گر کر تباہی اور اس پر سوار تمام 239 افراد کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔