لاپتہ طیارہ کے مسافرین کے ارکان خاندان کی برہمی

بیجنگ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ایک کمیاب اقدام کرتے ہوئے چین نے آج سفارتی ضلع بند کردیا جہاں ہندوستانی اور امریکی سفارتخانے قائم ہیں کیونکہ حادثہ کا شکار ملائیشیائی جیٹ طیارہ کے مسافرین کے ارکان خاندان نے شدید برہمی کے عالم میں رات بھر احتجاج کیا کیونکہ طیارہ کا پتہ چلانے میں تلاش کارروائی ہنوز ناکام ہے ۔ اعلی سطحی کثیر قومی تقریبا 50دن کی تلاش مہم کے باوجود پرواز ایم ایچ 370 کا ہنوز کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔ اس طیارہ میں 153چین مسافر تھے ۔ ان کے ارکان خاندان کل ملائیشیائی ایر لائنس کے ارکان عملہ سے ایک طوفانی ملاقات کرچکے ہیں جس کے انہوں نے ہندوستانی سفارتخانہ کے روبرو واقع ملائیشیاء سفارتخانہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کی کوشش کی پولیس نے کل شام سے ہی اس علاقہ میں حفاظتی انتظامات شدید کردیئے تھے اور علاقہ کی ناکہ بندی کردی تھی جس کی وجہ سے اس مصروف علاقہ میں ٹریفک میں بڑے پیمانے پر خلل اندازی ہوئی ۔

مبینہ طور پر مسافرین کے کئی رشتہ دار کل رات ملائیشیائی سفارتخانے کی سمت جانے کی کوشش کررہے تھے۔صدر امریکہ بارک اوباما جاریہ ہفتہ کے اواخر میں ملائیشیاء کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ کسی بھی امریکی صدر کا اولین دورہ ملائیشیاء ہوگا ۔ دریں اثناء پرتھ اور کوالالمپور سے موصولہ اطلاعات کے بموجب حادثہ کا شکار ملائیشیائی جیٹ طیارہ کی تلاش آج بھی جاری رہے جبکہ وزیر اعظم ملائیشیاء نے کہا کہ ان کی حکومت طیارہ کے لاپتہ ہونے کے بارے میں آئندہ ہفتہ ابتدائی رپورٹ جاری کرے گی ۔ وزیر اعظم ملائیشیا نجیب رزاق کو لاپتہ طیارہ کے مسافرین کے خاندانوں کی برہمی اور مایوسی کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ عوام کیلئے بھی دستیاب رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے محکمہ سراغ رسانی کو ہدایت دے چکے ہیں کہ ماہرین کی ایک ٹیم رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس کو آئندہ ہفتہ جاری کردیا جائے ۔