پرتھ۔کوالالمپور۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) لاپتہ ملائیشیائی طیارہ کی بحرہند میں تلاش میں مصروف ٹیموں کو آج کوئی قابل بھروسہ نیا سراغ دستیاب نہیں ہوسکا ۔ گذشتہ 48گھنٹے سے نئے اشارے بھی وصول نہیں ہوئے۔ 11فوجی طیارے ایک سیول طیارہ اور 14بحری جہاز آج تلاش کارروائی میں مدد دے رہے تھے۔ مشترکہ محکمہ جاتی رابطہ مرکزمیں اپنے بیان میں کہا کہ تلاش کا علاقہ پرتھ کے شمال مغرب میں تقریباً دو ہزار 200مربع میٹر پر مشتمل تھا۔ آسٹریلیائی بحری تحفظ اتھاریٹی نے منصوبہ بنایا ہے کہ دیکھنے کے آلات کے ذریعہ تلاشی لی جائے۔ آج جملہ 57ہزار 506 مربع کلومیٹر کی تلاشی مہم مکمل ہوگئی ۔گذشتہ 48گھنٹے سے تلاش میں مصروف مہم کو کوئی تازہ اشارے بھی وصول نہیں ہوئے ۔
زیرآب تلاش کے رقبہ کو محدود کرنے کیلئے زیر آب گاڑیاں تعینات کی گئی ہے۔ آسٹریلیا کے محکمہ دفاع کی گاڑی اوشن شیلڈ اب بھی تلاش کارروائی میں مصروف ہے۔ گذشتہ چہارشنبہ کو زیر آب گاڑی کو اشارہ وصول ہونے کی اطلاع دی گئی تھی لیکن اس کے بعد گذشتہ 48گھنٹے سے کوئی نیا اشارہ وصول نہیںہوا ۔ کوالالمپور سے موصولہ اطلاع کے بموجب لاپتہ طیارہ کے معاون پائلٹ نے اپنے موبائیل فون سے فضاء سے مایوسی کے عالم میں ایک ٹیلی فون کال کی تھی ‘ اس کے بعد طیارہ راڈار سے غائب ہوگیا تھالیکن حکومت ملائیشیا نے آج کہا کہ وہ اس خبر کی توثیق نہیں کرسکتی کیونکہ متعلقہ عہدیدار اس خبر کی جانچ کرنے میں مصروف ہیں ۔ جب تک جانچ کی کارروائی مکمل نہ ہوجائے ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا ۔
ملائیشیا کے کارگذار وزیر ٹرانسپورٹ حشام الدین حسین نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عہدیداروں کو کئی خبریں اور کئی سراغ مقامی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ تنظیموں سے وصول ہوئے ہیں ۔ لیکن ان کی جانچ کرنے پر تمام خبریں بے بنیاد ثابت ہوئی تھی۔ لاپتہ ملائیشیائی طیارہ کے کاک پٹ سے معاون پائیلٹ کے ٹیلی فون کال کی خبر تازہ ترین اطلاع ہے تاہم جب تک اس کی مکمل طور پر جانچ نہ کی جائے اس کی توثیق یا تردید نہیں کی جائے گی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تحقیقات ہنوز جاری ہیں جس میں ملائیشیائی پولیس کے علاوہ ایف بی آئی‘ ایم آئی 6‘ چینی محکمہ سراغ رسانی اور دیگر سراغ رسانی ادارے شریک ہیں ۔ روزنامہ ’’نیواسٹریٹ ٹائمس ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی تھی کہ معاون پائلٹ فریق عبدالحامد نے فضاء سے ٹیلی فون کیا تھا ‘ اسکے طیارہ لاپتہ ہوگیا۔