لاپتہ طیارہ کی تلاش میں اہم سراغ دستیاب

بحرہند نے 4500 میٹر کی گہرائی سے بلیک باکس کی آواز

پرتھ ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیاء کے لاپتہ طیارہ کی تلاش میں مصروف آسٹریلیا کی ایک بحری کشتی نے بحرہند میں آج کسی طیارہ کے تازہ ترین سگنل کا پتہ چلایا ہے جو سمجھا جاتا ہیکہ ملائیشیاء کے لاپتہ طیارہ کے بلیک باکس سے موصول ہونے والے سگنلس ہوسکتے ہیں جن کے بارے میں عہدیداروں نے کہا کہ یہ ایک اہم سراغ ہے اور جس سے ایک ماہ سے جاری اصرار وسنسنی کو بے نقاب کرنے میں مدد ملے گی۔ عہدیدار نے کہاکہ یہ ایک کلیدی سراغ ہے اور اب تک کی اہم کامیابی ہے غالباً ہمیں تاحال موصولہ سب سے اہم معلومات ہیں۔ آسٹریلیا کی دفاعی کشتی اوشن شیلڈ نے بحرہند میں دو گھنٹوں کے دوران دو مرتبہ بلیک باکس کے سگنلس کا پتہ چلایا۔ ایرچیف مارٹر (ریٹائرڈ) اینگس ہوسٹن نے جو مشترکہ ایجنسی رابطہ مرکز کی قیادت کررہے ہیں، یہ انکشاف کیا۔ ہوسٹن نے کہا کہ ’’تلاشی کے مقررہ علاقہ کے شمالی حصہ میں دو مرتبہ سگنل کا پتہ چلا۔ پہلا سراغ تقریباً دو گھنٹے تک دستیاب ہوا اور دوسرا 20 منٹ تک موصول ہوا۔ بعدازاں رابطہ منقطع ہوگیا‘‘۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ سمندر میں 4500 میٹر کی گہرائی سے آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکرین پر بھی بصری اشارے دستیاب ہوئے ہیں اور قابل سماعت سگنل بھی موصول ہوا ہے۔ قابل سماعت سگنل کی آواز مجھے ایمرجنسی لوکیٹر بیکن جیسے محسوس ہوئی۔