پرتھ؍ سڈنی ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً دو ماہ سے لاپتہ ملائیشیا کا مسافر طیارہ جنوبی بحر ہند میں اس مقام پر نہیں گرا جہاں سے الیکٹرانک سگنلز موصول ہوئے تھے۔ اس خیال کا اظہار جمعرات کو شمال مغربی آسٹریلیائی بندرگاہ کے قریب سمندر میں ڈرون کے حتمی مشن کے بعد کیا گیا۔ تلاش کی کارروائیوں میں رابطے کی مشترکہ ایجنسی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بلیوفن 21 نامی سمندری ڈرون کو سمندر کے اندر 850 مربع کلومیٹر کے احاطے میں طیارے کے ملبے کے کوئی آثار نہیں ملے۔ بیان کے مطابق آسٹریلیائی ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے اپنے پیشہ وارانہ فیصلے میں کہا ہے کہ اس مقام کو طیارے کے گرنے کا مقام نہیں کہا جا سکتا۔ بوئنگ 777 مارچ میں کوالالمپور سے بیجنگ پرواز کرتے ہوئے غائب ہوگیا۔ اس میں 239 افراد سوار تھے۔ یہ خبر امریکی نیوی کے حکام کے اس شک کے بعد سامنے آئی کہ موصول ہونے والے الیکٹرانک سگنلز اس لاپتہ طیارے کے تھے۔