لاپتہ طیارہ ،زیر آب تلاش کی دو تہائی کارروائی مکمل

کینبیرا 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ملائیشیا کے لاپتہ طیارہ کی زیر آب تلاش کی دو تہائی کارروائی مکمل ہوچکی ہے لیکن تاحال لاپتہ طیارہ کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ خود اختیار آبدوز کشتی بلو فن 21 زیر آب تلاش کی اپنی مہم کا 8 واں مرحلہ مکمل کرچکی ہے ۔ 9 ویں مرحلہ کا آغاز آج سے ہورہا ہے ۔ آبدوز کشتی نے دو تہائی علاقہ کا جائزہ لے لیا ہے ۔ 10 فوجی طیارے اور 11 بحری جہاز تلاش کی مہم میں اس کی مدد کررہے ہیں لیکن محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی حوصلہ شکن ہے ۔ ناخوشگوار موسم کی وجہ سے تلاشی میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہے ۔ شمالی اور جنوب مشرقی مانسون ہوائیں اپنے ساتھ منتشر گرج اور چمک کے ساتھ بارش لاتی ہے ۔ آسٹریلیا کی بحری حفاظتی اتھاریٹی نے منصوبہ بنایا ہے کہ آج تقریبا 49491مربع کیلو میٹر علاقہ کا جائزہ لیا جائے گا ۔ تلاش کا علاقہ بندرہ گاہ پرتھ کے شمال مغرب میں تقریبا 1741 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔