نئی دہلی 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج برسر اقتدار کانگریس پارٹی پر رعایتی قیمت پر سربراہ کئے جانے والے پکوان گیس سلینڈرس کی تعداد میں اضافہ کرکے اُسے 9 سے 12 کردینے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی یہ پالیسی حقیقت میں عوام دشمن ہے کیونکہ ابتداء میں رعایتی قیمت پر لامحدود تعداد میں پکوان گیس سلینڈرس سربراہ کئے جاتے تھے۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاؤدیکر نے دعویٰ کیاکہ عوام کانگریس کی عوام دشمن پالیسیوں پر برہم ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ مضحکہ خیز ہے کانگریس نے آج رعایتی قیمت پر پکوان گیس سلینڈروں کی تعداد 9 سے 12 کردی ہے جبکہ قبل ازیں یہ لامحدود تھے۔ اگر کانگریس یہ تعداد 6 کردیتی تو عوام یہی سوال کرتے کہ اِنھیں 6 کس نے کردیا۔ اب عوام جاننا چاہتے ہیں کہ 6 سے 9 اور 9 سے 12 سلینڈرس کرنے پر کیا ہمیں تالیاں بجانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام اتنے بے وقوف نہیں ہیں کہ رعایتی قیمتوں پر لامحدود تعداد میں دستیاب ہونے والے سلینڈرس کے 12 کردینے پر خوشی ظاہر کریں۔