بی جے پی ہمیشہ آر جے ڈی سے خوفزدہ رہی، ہم سی بی آئی فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے: تیجسوی یادو
پٹنہ۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے لالو یادو کو چارہ اسکام کے تیسرے کیس میں خاطی قرار دیئے جانے کے بعد ان کے فرزند تیجسوی یادو نے آج کہا کہ سی بی آئی عدالت کا یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے اور وہ اس کے خلاف ہائی کورٹ اور اگر ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو نے چیف منسٹر نتیش کمار اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے والد کو پھانسنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ عوام کی نظر میں وہ ایک ہیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالت کے احکام کا احترام کرتے ہیں تاہم سی بی آئی کا یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے۔ اس لیے وہ اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد لالوپرساد کے حوالے سے ایک عام تصور پایا جاتا ہے کہ وہ بہار کے ہیرو ہیں اور اسی لیے انہیں اس کیس میں جان بوجھ کر نتیش کمار، بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے پھنسایا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار راج بھون کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کیا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے لالو یادو کی مقبولیت سے خوفزدہ رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے دعوی کیا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ڈسمبر میں اس سال الیکشن کروانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف سینئر بی جے پی قائدین اور آر ایس ایس سربراہ منموہن بھاگوت یکے بعد دیگرے بہار کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ این ڈی اے ان کے والد کو قانونی معاملوں میں الجھائے رکھنا چاہتی ہے تاکہ الیکشن میں اس کے لیے کسی قسم کی رکاوٹ نہ آجائے۔ مگر بی جے پی اپنی غلط فہمی دور کرلے کیوں کہ راشٹریہ جنتا دل آنے والے الیکشن میں این ڈی اے کو جیسے کے تیسا کے مصداق زبردست ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے گورنر بہار ستیہ پال ملک سے ملاقات کرتے ہوئے میمورنڈم داخل کی اور کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور سماج کے پسماندہ طبقات خصوصاً دلتوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر زائد از ایک ہزار کروڑ کا سریجن اسکام کا مسئلہ کو بھی اٹھایا اور الزام عائد کیا کہ اتنے بڑے اسکام پر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سی بی آئی اس ملٹی کرور سریجن اسکام پر بھی سنجیدگی کے ساتھ تحقیقات کرتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار اور ڈپٹی چیف منسٹر سشیل مودی کے بدعنوانیوں کو بھی بے نقاب کرے گی۔