لالو پرساد یادو کو چوتھے چارہ اسکام کیس میں 14 سال جیل ‘ 60 لاکھ کا جرمانہ

 

رانچی ۔ /24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو آج چوتھے چارہ اسکام کیس میں 14 سال کی جیل کی سزاء سنائی گئی اور 60 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ 1990 ء کے اوائل میں ڈومکا ٹریژری سے 3.13 کروڑ روپئے کا غبن کرنے کے کیس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے یہ سزاء سنائی ہے ۔ سی بی آئی جج شیوپال سنگھ نے لالو پرساد یادو کو 7 سال کی دو علحدہ سزائیں سنائی ہیں ۔ تعزیرات ہند کی دفعہ اور رشوت ستانی قانون کے تحت سزا کا اعلان کیا گیا ۔ ان دونوں سزاؤں کا ایک کے بعد دیگر اطلاق ہوگا ۔ وکیل راکیش پرساد نے یہ بات بتائی جبکہ ایڈوکیٹ وشنو شرما نے عدالت کے فیصلے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لالو پرساد یادو کو تعزیرات ہند کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی) 409 (عوامی خدمت گار کی جانب سے مجرمانہ اعتماد شکنی ) 467 (جعلسازی) 468 (دھوکہ دہی کی غرض سے جعلسازی) اور دیگر دفعات کے تحت 7 سال کی سزاء دی گئی ہے ۔ انہیں مزید 7 سال کی سزاء دی گئی ہے اور اس کے ساتھ 30 لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔
یہ دونوں سزائیں ایک کے بعد دیگر جاری رہیں گی ۔ جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید ایک سال جیل میں سزاء کاٹنی ہوگی ۔ عدالت نے دیگر 18 ملزمین کو بھی سزاء سنائی ہے ۔ سابق ریجنل ڈائرکٹر انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ ڈی پی دیواکر کو بھی لالو پرساد کی طرح سزاء دی گئی ہے ۔ دیگر 9 عہدیداروں اور سابق آئی اے ایس عہدیدار پھول چند سنگھ کو 7 سال جیل کی سزاء دی گئی ہے اور ان پر 30 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ یہ تمام بھی اس کیس میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ شرما نے کہا کہ اگر یہ لوگ جرمانہ ادا کرنے میں ناکام ہوں تو انہیں مزید 18 ماہ جیل میں رہنا پڑے گا ۔ لالو پرساد کے وکیل پربھارت کمار نے کہا کہ وہ اس فیصلہ کے خلاف اعلی عدالت میں اپیل کریں گے ۔ عدالت نے /19 مارچ کو 69 سال آر جے ڈی سربراہ کو دیگر 18 کے ساتھ ڈومکا ٹریژری کیس کے سلسلہ میں خاطی پایا تھا ۔