لالو پرساد کے دو فرزندوں کی عمر میں فرق کی تحقیقات کا مطالبہ

چھوٹا بھائی بڑے بھائی سے ایک سال بڑا ۔ بی جے پی کی الیکشن کمیشن سے شکایت
پٹنہ ۔ 6 اکٹوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے دو فرزندوں کی جانب سے داخل کردہ حلفنامہ میں عمر کے درمیان فرق پر جس میں چھوٹے بھائی کو اس کے بڑے بھائی سے ایک سال بڑا بتایا گیا ہے سیاسی تنازعہ کھڑا ہوا ہے ۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ چھوٹے بھائی تیجسوی پرساد یادو کے کاغذات کی تحقیقات کروائے ۔ تاہم آر جے ڈی سربراہ نے اس عمر کے فرق کی کوئی پرواہ نہیں کی اور کہا کہ ووٹر کارڈ میں جو تاریخ درج کی گئی ہے وہی قطعی ہے ۔ ان دونوں بھائیوں نے اپنے حلیف ناموں میں اپنی جو عمر بتائی ہے وہ ان کے شناختی کارڈ کے مطابق ہے ۔ ووٹر کارڈ میں درج عمر ہی قطعی ہے ۔ اگر ووٹر شناختی کارڈ میں عمر 80 درج کی گئی ہے تو یہی قطعی ہوگی اسی کے مطابق پرچہ جات نامزدگی میںعمر درج کروائی گئی ہے ۔ بی جے پی نے غیرضروری مسئلہ اُٹھایا ہے ۔ لالو پرساد کے چھوٹے فرزند تیجسوی پرساد نے ضلع ویشالی میں رگھوپور اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرنے کیلئے حلفنامہ داخل کیا ہے جس میں اس نے اپنی عمر 26 سال بتائی ہے ۔ تیجسوی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اپنے والد کی طرح وہ بھی ووٹر کارڈ کی منطق کو ہی درست مانتے ہیں ۔ ووٹر آئی ڈی میں جب ایک بار عمر درج کروائی گئی ہے تو وہی درست ہے شاید یہ ووٹر آئی ڈی میں طباعت کی غلطی ہو اس میں بڑا مسئلہ کیا ہے ۔اس دوران لالو پرساد یادو کے بڑے فرزند تیج پرتاب یادو نے مہوا اسمبلی حلقہ سے اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کی ہے جس میں اپنی عمر 25 سال لکھی ہے ۔