لالو اور نتیش ایک ہی شہ نشین پر پہنچ گئے

دو حریف قائدین میں لفظی جھڑپ‘ شنڈے قہقہے لگاتے رہے
پٹنہ ۔ /18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بہار کے دو سیاسی حریفوں چیف منسٹر نتیش کمار اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو ایک طویل عرصہ بعد آج ایک ہی شہ نشین پر پہونچ گئے لیکن وہاں یہ دونوں ایک دوسرے کیلئے خوشگوار الفاظ کے تبادلہ کے بجائے لفظی جنگ میں الجھ گئے ۔ یہ دونوں قائدین دراصل ہندی روزنامہ ’’دئینک بھاسکر‘‘ کے پٹنہ ایڈیشن کی اجرائی کے موقع پر ایک شہ نشین پر جمع ہوئے تھے ان دونوں کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے بیٹھے ہوئے تھے ۔ لالو پرساد نے چیف منسٹر نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور نام لئے بغیر کہاکہ ریاستی حکومت ان (لالو) جیسے حریفوں کے خبروں کی نشر و اشاعت کو روکنے کی کوشش کے طور پر سارے میڈیا پر کنٹرول کررہی ہے ۔ لالو پرساد نے مزید کہا کہ ’’ چند لوگ ایک تاریخ بنانے کی کوششوں میں اشتہارات کے لالچ کی بنیاد پر اخبارات کی ساری جگہ پر اپنا قبضہ جمارہے ہیں ۔ اخبار والے بھی طوطوں کی طرح صرف وہی خبریں شائع کررہے ہیں جو حکومت کے لئے سود مند اور سازگار ہیں ۔

لالو پرساد نے اپنے استدلال کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کے طور پر یاد دلایا کہ پریس کونسل آف انڈیا کے صدرنشین مارکنڈے کاٹجو نے بھی بہار میں آزادی صحافت کے بارے میں سوال اٹھایا تھا ۔ نتیش کمار نے بھی اس موقع کو نہیں گنوایا اور اپنے خطاب کے دوران دیرینہ سیاسی حریف لالو پراسد کو تنقید و مذاق کا نشان بنایا ۔ لالوپرساد یادو کی جانب سے ٹوئیٹر اکاونٹ قائم کئے جانے کا مذاق اڑاتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ بوڑھی نسلوں کے چند افراد بھی اب سوشیل میڈیا کی تازہ ترین مصیبتوں کا شکار بننے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ کوئی یہ سمجھ سکتا ہے کہ یہ سب نئی نسل کے بچوں کا فیشن ہے ۔ لیکن یہ بات ناقابل فہم ہے کہ پرانی نسلوں کے افراد بھی اب اس فیشن پر اتر آئے ہیں ‘‘ ۔

نتیش کمار نے ریاست میں آرجے ڈی کی سابق حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ لوگ وہ وقت بھول گئے ہیں جب وہ یہ فیصلہ کیا کرتے تھے کہ کسی اخبار کے کس صفحہ پر کونسی تصویر اور کونسی خبر شائع ہوئی ‘‘ ۔ جب نتیش کمار ان خیالات کا اظہار کررہے تھے ‘ لالو کو اپنے طور پر یہ کہتے سنا گیا کہ ’’ ان (لالو) کی خبروں کی اشاعت کے بغیر بہار میں کوئی اخبار نہیں چل سکتا ۔ جس پر نتیش کمار نے اخباروں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف لالو پرساد کے ہی خبریں اور تصاویر شائع کریں ۔ دونوں حریفوں کی مسلسل بالواسطہ نوک جھونک کے دوران وقفہ وقفہ سے قہقہے بلند کرتے دیکھے گئے ۔