لاس ویگاس فائرنگ: ہلاک شدگان کی تعداد 58 ہو گئی

واشنگٹن ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر لاس ویگاس میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک اوپن ایئر میوزک کنسرٹ کے شرکاء￿ پر ایک مسلح شخص کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر اب کم از کم بھی 58 ہو گئی ہے۔ اس حملے میں پانچ سو سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے تھے۔ اپنے جوئے خانوں کے لیے مشہور اس امریکی شہر میں یہ فائرنگ ایک 64 سالہ مقامی باشندے اسٹیفن کریگ پیڈک نے ایک بلند و بالا ہوٹل کی بتیسویں منزل پر اپنے کمرے سے خود کار ہتھیاروں سے کی تھی۔ بعد ازاں حملہ آور پولیس کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ پولیس کو اس کے کمرے سے قریب ایک درجن خودکار رائفلیں بھی ملی تھیں۔ اس حملہ کو جدید امریکا کی تاریخ کی سب سے ہلاکت خیز حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

کینیا میں متنازعہ انتخابی اصلاحات
کے خلاف زبردست مظاہرے
نیروبی ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کینیا میں انتخابی اصلاحات کے عمل کے خلاف دارالحکومت نیروبی میں اپوزیشن کارکنوں کے زبردست مظاہروں پر قابو پانے کے لیے پولیس کو آنسو گیس استعمال کرنا پڑ ی۔ ان مظاہروں کی اپیل اپوزیشن رہنما رائلا اوڈِنگا نے کی تھی۔ اوڈِنگا کا مطالبہ ہے کہ کینیا میں جو بظاہر غیر جانبدار انتخابی کمیشن قائم کیا گیا ہے، اس کے کئی جانبدار ارکان کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔ اسی کمیشن کو ملک میں پارلیمانی انتخابی حلقوں کی حدود کا نئے سرے سے تعین بھی کرنا ہے۔ ریڈ کراس کے مطابق ان پرتشدد مظاہروں کے دوران اپوزیشن کی سیاست طاقت کا بڑا مرکز سمجھی جانے والی سِیایا کاؤنٹی میں ایک شخص ہلاک بھی ہو گیا۔