لاس اینجلس ۔ 29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مسافر ٹرین جنوبی کیلی فورنیا کی یونیورسٹی کے روبرو ایک کراسنگ پر کار سے ٹکراگئی جس سے ڈرائیور اور ٹرین کے آپریٹر کے علاوہ 19مسافرین جو ٹرین میں سوار تھے زخمی ہوگئے ۔ ٹرین اور کار ڈرائیور دونوں شدید زخمی ہیں ۔ ٹرین مشرقی مضافاتی علاقہ کی طرف جارہی تھی جب کہ اس کا تصادم ہوگیا ۔ مبینہ طور پر کار کے ڈرائیور نے ٹرین نہیں دیکھی تھی اور پٹریوں پر بائیں بازو مڑنا چاہا تھا جہاں ایک بڑی سڑک موجود ہے ۔ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی ‘ ٹرین کے پہلے دو ڈبے پٹریوں سے اتر گئے لیکن الٹے نہیں ۔ 19مسافر معمولی زخمی ہوئے جن میں بیشتر کو خراشیں آئیں ۔ یہ تمام ٹرین سے اتر کر پیدل چلنے کے قابل تھے ۔ آتش فرو عملہ کے کیپٹن ڈینل کری نے کہا کہ تصادم کی وجہ کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں لیکن میٹرو سوپروائیزر کے بموجب ایسا معلوم ہوتاہے کہ کار ڈرائیور مڑنا چاہتا تھا ۔