لاس اینجلس ایرپورٹ پر فائرنگ کی افواہ، ایک گرفتار

لاس اینجلس ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ لاس اینجلس انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کوئی بندوق بردار نہیں پایا گیا اور نہ ہی فائرنگ کا کوئی واقعہ رونما ہوا۔ یاد رہیکہ ایرپورٹ پر ایک شوٹر کی آمد کی افواہ نے وہاں موجود سینکڑوں مسافروں کو خوف و ہراس میں مبتلاء کردیا۔ لاس اینجلس پولیس کے ترجمان اینڈی نائمن نے بتایا کہ صرف شوروغل کی آوازیں سنائی دی تھیں جس کے بعد خوفزدہ مسافرین گھبرا کر ادھر ادھر بھاگنے لگے جبکہ کچھ لوگ تو اس طرف بھی بھاگنے لگے جہاں طیارے کھڑے رہتے ہیں تاہم کچھ ہی دیر بعد پتہ چلا کہ وہ افواہ تھی اور مسافرین ایرپورٹ عمارت کی جانب لوٹ آئے اور فلائٹس کی روانگی کا عمل شروع کردیا گیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ’’زورو‘‘ جیسے کپڑے زیب تن کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ ٹرمنل کو کچھ دیر کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ تاہم فلائٹس کی آمد اور روانگی کے عمل کو بحال کرنے کیلئے ٹرمنل کو دوبارہ کھول دیا گیا۔