جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سے ملاقات، مداخلت کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی سے نمائندگی کی خواہش
حیدرآباد 21 ستمبر (سیاست نیوز) عطاپور رنگ روڈ لاری ورکرس اسوسی ایشن کے اراکین وفد نے جناب ایس اے قیصر انچارج ٹی آر ایس بہادر پورہ کی قیادت میں دفتر سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت سے نمائندگی کرنے کی درخواست کی۔ اراکین نے بتایا کہ انھیں گزشتہ کئی برسوں سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ خاص کر عطاء پور، بہادر پورہ، آرام گھر چوراہا، تاڑبن وغیرہ کے اطراف و اکناف کے لاری کارخانوں میں کام کاج ٹھپ ہوچکا ہے جس کے سبب سینکڑوں کی تعداد میں روز مرہ کام کرنے والے کاریگروں کی زندگی متاثر ہورہی ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے یہاں پر لاریوں کی مرمت کا کام کاج کافی زوروں سے چل رہا تھا لیکن کچھ مہینوں سے یہاں پر مرمت کیلئے آنے والی لاریوں کی تعداد بہت ہی کم ہوچکی ہے۔ کارخانے شہر کے احاطہ میں واقع ہونے سے لاری مالکان یہاں کا رُخ کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ اس لئے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بھاری چالانات عائد کئے جارہے ہیں۔ اراکین نے بتایا کہ گزشتہ حکومت سے اس سلسلہ میں کئی مرتبہ نمائندگی کی جاچکی ہے لیکن تاحال کوئی مثبت پہل نہیں ہوئی۔ اراکین نے بتایا کہ اگر حکومت کی جانب سے آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف و اکناف واقع سرکاری اراضی لاری کارخانوں کیلئے الاٹ کردی جائے تو ان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں جناب زاہد علی خاں نے اراکین کو یہ تیقن دیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی کی سفر حج سے روانگی کے فوری بعد ان کا مسئلہ سامنے رکھتے ہوئے جلد از جلد متبادل مقام سرکاری اراضی کی منظوری پر زور دیں گے۔ جس پر اسوسی ایشن کے اراکین سید اقبال، شیخ معین، سید اعظم پاشاہ، شیخ محبوب، محمد ابراہیم، شیخ ضمیرالدین، سید سعادات ، محمد عبدالغفار، محمد رشید خان، محمد مجیب، آنند گوڑ، بدراچلم ریڈی، صباء بیگم، سارہ بیگم، فرحت سلطانہ اور شیخ عبدالمکرم جنرل سکریٹری ٹی آر ایس پارٹی بہادر پورہ ان تمام نے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں سے اظہار تشکر کیا اور ان کے ملی جذبہ کو سلام کیا۔