لاری مالکین کی ہڑتال ساتویں دن میں داخل 8 اپریل کو ملک گیر سطح پر لاری ہڑتال کا انتباہ

حیدرآباد 5اپریل (یواین آئی )لاری مالکین کی ہڑتال ساتویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ لاری مالکین نے ہڑتال میں مزید شدت پیداکرنے کا انتباہ دیا اور کہا کہ ان کے مطالبات قبول نہ کئے جانے کی صورت میں لاری مالکین 8اپریل سے ملک بھر میں ہڑتال کریں گے ۔اس ہڑتال کے سبب تقریبا 15لاکھ لاریاں سڑکوں سے ہٹالی گئیں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ لاری اونرس ایسوسی ایشن نے انتباہ دیا ہے کہ 8اپریل کے بعد ملک بھر میں لاریوں کی ہڑتال کی جائے گی ۔اس ہڑتال سے جنوبی ہند کی ریاستیں شدید طورپر متاثر رہیں ۔ایل پی جی ٹرکس بھی ہڑتال میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس ہڑتال کے سبب شمالی ہند سے تلگو ریاستوں کے لئے لاریاں نہیں آرہی ہیں۔مہاراشٹرا میں دس ہزار لاریاں روک دی گئی ہیں۔سبزی کی منتقلی بھی اس ہڑتال کے سبب متاثر ہوئی ہے ۔اس ہڑتال کے سبب آندھراپردیش اور کرناٹک سے ٹماٹر اوردیگر سبزیوں کی منتقلی کا کام ٹھپ ہوگیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے سبزیاں آٹو ٹرالیز کے ذریعہ حیدرآباد منتقل کی جارہی ہیں۔حکومت سے مثبت یقین دہانی نہ ملنے تک ضروری اشیا کی منتقلی روکنے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔