لاری مالکین کی غیر معینہ ہڑتال تیسرے دن میں داخل

حیدرآباد یکم اپریل (یواین آئی )لاری مالکین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال تیسرے دن میں داخل ہوگئی ہے ۔اس ہڑتال سے کوئلہ ، سمنٹ ، اسٹیل راڈس کی منتقلی ،صنعتی اشیا اور سامان کی منتقلی مسلسل متاثررہی ۔ جنوبی ہند کی ریاستوں کرناٹک،تمل ناڈو، کیرل اور پوڈیچری سمیت دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں چلائی جانے والی تقریبا 15لاکھ لاریاں سڑکوں سے غائب رہیں جس سے گیہوں،دالوں اور دیگر ضروری اشیا کی سپلائی متاثر رہی ۔لاری اونرس ایسوسی ایشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی۔ سینکڑوں لاریاں حیدرآباد کے نواحی علاقوں اور دونوں ریاستوں کے دیگر ٹاونس میں ٹہری رہیں۔ لاری مالکین نے ان سے ریاستی شاہراہوں پر زائد ٹول فیس کی وصولی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کر رہے ہیں۔لاری مالکین کی ایسوسی ایشن نے دودھ ‘ سبزی’ پانی ‘ دواؤں ‘ پٹرول اور ایل پی جی جیسی ضروری اشیا کے ٹرانسپورٹ کو ہڑتال سے مستثنیٰ رکھا۔ ہڑتال کے سبب آندھراپردیش میں تقریباً 90فیصد اشیا کی لوڈنگ متاثر رہی۔ اسی دوران تلنگانہ کے چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ لاری مالکین کی ہڑتال کے پیش نظر ضروری اشیا کی منتقلی کے لئے آرٹی سی بسوں کی خدمات حاصل کرنے کے امکانات کو تلاش کیا جائے ۔