کیس درج کرنے کی ہدایت دینے سے عدالت کا انکار
سیتامڑھی ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک ضلع عدالت نے لارڈ رام اور ان کے بھائی لکشمن کے خلاف سیتا دیوی کو 14 سال تک بن باس بھیجوا دینے پر ایک کیس درج کی ہدایت دینے کیلئے پیش کردہ ایک عرضی کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ یہ منطق اور حقائق سے بعید ہے سیتامڑھی چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ واش بہاری نے ایک ایڈوکیٹ چندن کمار سنگھ کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا جس کے خلاف دوسری عدالت میں ہندو دیوتاؤں کی توہین کے الزام میں 3 کسیس دائر کئے گئے ہیں ۔ چندن کمار سنگھ نے گذشتہ ہفتہ ایک عرضی داخل کرتے ہوئے لارڈ رام اور لکشمن کے خلاف کیس درج کرتے کیلئے عدالت سے مداخلت کی گذارش کی تھی جنہوں نے مناسب وجوہات کی بغیر سیتادیوی کو بن باس بھیج دیا تھا ۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے اس شکایت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے اور یہ معاملہ منطق اور حقائق سے بعید ہے ۔ دیومالیائی کہانیوں میں بتایا گیا ہے کہ سیتادیوی کی پیدائش سیتامڑھی میں ہوئی تھی ۔ دریں اثناء چندن کمار سنگھ کے خلاف بھگوانوں کی توہین پر ایک اور عدالت میں 3 کیسیس دائر کئے گئے ہیں ۔ ایڈوکیٹ چندن کمار سنگھ نے بتایا کہ ہندو بھگوان کے خلاف شکایت درج کروانے پر انہیں دائیں بازو کی تنظیم نے دھمکی آمیز ٹیلی فون کالس کیے ہیں جس کے پیش نظر اپنے تحفظ کیلئے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے رجوع ہوں گے ۔