لاتور عصمت ریزی کیس کے خاطیوں کو سزاء دی جائے گی : چیف منسٹر

ممبئی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج لاتور ضلع میں دو ٹیچرس کی جانب سے ایک کمسن لڑکی کی مبینہ عصمت ریزی کے واقعہ پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ان خاطیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ یہ واقعہ کل پیش آیا تھا۔ اس مسئلہ کو ریاستی اسمبلی میں بی جے پی رکن اسمبلی سدھاکر پھیلوراؤ نے اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ یہ لڑکی لاتور کے موضع گڈگاؤں میں وفاقی آشرم اسکول میں پانچویں جماعت کی طالبہ اور ملنگ طبقہ سے تعلق رکھتی تھی۔ اس لڑکی کی دو ٹیچروں نے مل کر مبینہ طور پر عصمت ریزی کی اور بعدازاں یہ لڑکی زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ پولیس نے پنچنامہ انجام دیکر ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کروایا تھا۔ اس لڑکی کی نعش ہنوز دواخانہ میں ہی ہے۔ ارکان خاندان کو نعش حوالے نہیں کی گئی۔ اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر فرنویس نے کہا کہ یہ تشویش اور سنگین واقع ہے۔ اسکول انتظامیہ کے رول، پولیس، ڈاکٹرس اور ٹیچرس کی حرکتوں کی تحقیقات کی جائے گی جو کوئی خاطی پایا جائے گا اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔