لائسنس یافتہ ہتھیار رکھنے والوں میں یوپی سرفہرست

ملک بھر میں 33.69 لاکھ بندوق کے لائسنس کا اجراء
نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) لائسنس یافتہ ہتھیار رکھنے کے معاملہ میں اترپردیش تمام ریاستوں میں سرفہرست ہے جہاں 12.77 لاکھ افراد کے پاس ہتھیار پائے جاتے ہیں۔ اس کے بعد دوسرے نمبر پر عسکریت پسندی سے متاثرہ ریاست جموں کشمیر ہے جہاں 3.69 لاکھ افراد لائسنس یافتہ ہتھیار رکھتے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ 31 ڈسمبر 2016ء تک جملہ 33,69,444 بندوق کے لائسنس جاری کئے گئے۔ سب سے زیادہ بندوق لائسنس اترپردیش کو دیئے گئے جہاں 12,77,914 افراد لائسنس یافتہ ہتھیار رکھتے ہیں۔ ان میں اکثر نے شخصی تحفظ کے نام پر یہ لائسنس حاصل کئے۔ 2011ء مردم شماری کے مطابق اترپردیش کی آبادی 19,98,12,341 ہے۔ جموں و کشمیر جو گذشتہ تین دہوں سے عسکریت پسندی کی زد میں ہے، 3,69,191 لائسنس یافتہ بندوق رکھنے والے پائے جاتے ہیں۔ ان میں ممنوعہ بور اور غیرممنوعہ بور اسلحہ بھی شامل ہے۔ 2011ء مردم شماری کے مطابق جموں و کشمیر کی آبادی 1,25,41,302 ہے۔ پنجاب میں جہاں 1980ء اور 1990ء کے دہے میں دہشت گردی عروج پر تھی، 3,59,349 بندوق کے لائسنس یافتہ افراد موجود ہیں۔ اسی طرح پنجاب کی آبادی 2,77,43,338 ہے۔ لائسنس یافتہ ہتھیار رکھنے والی دیگر ریاستوں میں راجستھان، کرناٹک، بہار، ہماچل پردیش، اترکھنڈ، گجرات اور مغربی بنگال شامل ہے۔