نئی دہلی۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مرکزی وزارت داخلہ نے پرزور انداز میں کہا کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس حاصل کرنے کے لئے پیشگی سکیوریٹی منظوری حاصل کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس میں کمپنی کے ڈائریکٹرس اور پروموٹرس کے ریکارڈس کی جانچ بھی شامل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال محکمہ مواصلات لائسنس پہلے جاری کرتا ہے اور بعد ازاں کمپنی سے صیانتی اداروں کی منظوری طلب کرتا ہے۔ ان سے موبائل ٹیلی فون خدمات فراہم کرنے کی خواہش کی جاتی ہے اور صیانتی منظوری کے بغیر لائسنس جاری کردیئے جاتے ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ ان خدمات کے آغاز سے پہلے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو صیانتی اداروں کی منظوری حاصل کرنی ہوگی۔ نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق وزارت داخلہ یہ فیصلہ کرے گی کہ کسی پراجکٹ کے لئے صیانتی محکموں کی پیشگی منظوری اندرون 12 ہفتے ضروری ہے یا نہیں؟