امیت شاہ کا ادعا، اپوزیشن کی تنقید ، ریاستی حکومتوں کا ملاجلاردعمل
نئی دہلی ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہا کہ مرکز اور ان کی پارٹی زیراقتدار ریاستوں کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جملہ 5 روپئے فی لیٹر تخفیف سے ثبوت ملتا ہیکہ بی جے پی زیراقتدار ریاستیں عوام کی فلاح و بہبود سے کتنی زیادہ وابستہ ہیں۔ صدر بی جے پی نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبول عوام وزیراعظم نریندر مودی نے عوام دوست اقدام کیا ہے اور تیل کی قیمتوں میں ڈھائی روپئے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ بی جے پی زیرقیادت حکومتوں نے عوام کو پانچ روپئے فی لیٹر کی راحت رسانی کی دیگر مرکزی زیرانتظام علاقوں میں بھی ایندھن کی قیمت میں تخفیف ہوگئی۔ انہوں نے دیگر کئی مرکزی حکومت کے فیصلوں کا حوالہ دیا جن میں غریبوں کیلئے صحت بیما وغیرہ کو عوام دوست مودی ذہنیت کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا ہر فیصلہ عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیراعظم ملک کی ترقی کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کے ترجمان سمبت پترا نے بھی اپوزیشن پر تنقید کی جبکہ اپوزیشن نے حکومت کے اس اقدام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے اس کا مذاق اڑایا اور کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی معمولی سی ہے جبکہ ترنمول کانگریس کی صدر چیف منسٹر مغربی بنگال اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر و چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپئے کمی کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن زیراقتدار حکومتوں جیسے کرناٹک اور کیرالا وغیرہ نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتوں میں مزید کمی کرنا ناممکن ہے۔ بی جے پی زیراقتدار ہماچل پردیش میں پٹرول کی قیمت میں 5 روپئے فی لیٹر کمی کی گئی، مرکز زیراقتدار جموں و کشمیر میں پٹرول کی قیمت میں 5 روپئے فی لیٹر کمی کی گئی۔ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، چھتیس گڑھ، ہریانہ، آسام وغیرہ میں فی لیٹر ڈھائی روپئے کی تخفیف کی گئی جبکہ دیگر بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں بھی ایندھن کی قیمتوں میں تخفیف کی تقلید کی۔