قیدیوں کی صحت کو اولین ترجیح دینے کا مشورہ

محکمہ محابس کے دو روزہ ’ریٹریٹ‘ کا افتتاح۔ چیف جسٹس کلیان جیوتی سین کا خطاب
حیدرآباد 29 مارچ (پریس نوٹ) محکمہ محابس حکومت تلنگانہ کے دو روزہ ریٹریٹ 2014 ء کا آج یہاں احاطہ دفتر ڈائرکٹر جنرل آف پریزنس، چنچل گوڑہ حیدرآباد میں آغاز ہوا جس میں کلیان جیوتی سین گپتا، چیف جسٹس ہائی کورٹ آف تلنگانہ اینڈ آندھراپردیش نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ونئے کمار سنگھ ڈائرکٹر جنرل آف پریزنس اینڈ کریکشنل سرویسس تلنگانہ نے مہمان خصوصی کا خیرمقدم کیا اور ریاست تلنگانہ میں مختلف جیلوں میں کئے جارہے اقدامات سے واقف کروایا۔ مہمان خصوصی نے ان کی افتتاحی تقریر میں محکمہ محابس کے عہدیداروں سے مخاطب کرتے ہوئے جیلوں میں مجموعی بہتری کے لئے مفید مشورے دیئے۔ اُنھوں نے مشورہ دیا کہ قیدیوں کی صحت کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے اور ان کے لئے محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی، صاف ستھرا ماحول، اچھا سنیٹیشن وغیرہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اُنھوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ قیدیوں کو موبائیل فونس، کمپیوٹرس اور دیگر الیکٹرانکس اشیاء کی ریپیرنگ کی تکنکس سکھائی جائیں اور اس کی ٹریننگ دی جائے کیونکہ اس کے لئے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں ہوتی اور قیدی جیل سے اپنی رہائی کے بعد روزگار کے حصول کے لئے اس مہارت کو استعمال کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے قیدیوں کو کلچرل سرگرمیوں میں بھی شامل کرنے کا مشورہ دیا۔