قیدیوں کی رہائی کے بعد نئی زندگی کی شروعات کیلئے موثر اصلاح کی ضرورت

چرلہ پلی جیل میں ادارہ سیاست کی جانب سے قیدیوں کے لیے دعوت افطار کا اہتمام ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز): ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے چرلہ پلی جیل حکام پر زور دیا کہ وہ قیدیوں کی موثر اصلاح کے مقصد سے ان کے ساتھ بہتر سلوک کریں تاکہ یہ قیدی رہائی کے بعد سماج کے اصل دھارے میں شامل ہوتے ہوئے ایک اچھے اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنی نئی زندگی کی شروعات کرسکیں ۔ جناب زاہد علی خاں آج یہاں چرلہ پلی جیل میں ادارہ سیاست کی طرف سے قیدیوں کے لیے دی گئی دعوت افطار کے موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ مسٹر سرینواس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مسٹر راہول سے بات چیت کررہے تھے ۔ جناب زاہد علی خاں نے حسب سالہائے گذشتہ اس سال بھی ماہ صیام میں چرلہ پلی جیل کے قیدیوں کے لیے دعوت افطار کھانے کا انتظام کیا ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ، فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری افتخار حسین ، ٹرسٹیز رضوان حیدر اور علی حیدر کے علاوہ دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی کے صدر عثمان الہاجری ، مقبول الہاجری ، علی بن سعید الگتمی ، حیات حسین حبیب اور دوسرے موجود تھے ۔ جیل میں افطار کے بعد قیدیوں نے با جماعت نماز مغرب ادا کی ۔ جناب عثمان ہاجری نے امامت کی ۔ بعد ازاں طعام کا اہتمام کیا گیا ۔ اس جیل میں برسوں سے قید کئی قیدیوں نے جناب زاہد علی خاں سے کہا کہ اگرچہ سزاء کے بعد وہ قید کاٹ رہے ہیں لیکن پیسہ اور دیگر وسائل سے محرومی کے سبب مختلف عدالتوں میں زیر تصفیہ مقدمات کی موثر پیروی سے وہ قاصر ہیں ۔ اکثر قیدیوں نے کہا کہ انہیں بیوی اور سسرالی رشتہ داروں کی ’ شکایت ‘ پر انسداد جہیز ہراسانی قانون 498-A کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور مقدمہ کی سماعت کے دوران محض موثر پیروی نہ ہونے کے سبب سزاء ہوئی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے تمام قیدیوں کی نمائندگیوں کی ہمدردانہ سماعت کی اور ممکنہ قانونی مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ جناب زاہد علی خاں سے اس موقع پر سابق کانسٹبل عبدالقدیر نے بھی ملاقات کی اور پیرول دلانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ ضمانت کی منظوری کے بعد عبدالقدیر کی رہائی کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ چرلہ پلی جیل کے کئی قیدیوں نے جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل بیان کئے ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ مسٹر سرینواس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مسٹر راہول کے علاوہ قیدیوں اور دوسروں نے جناب زاہد علی خاں اور ادارہ سیاست کا شکریہ ادا کیا ۔ رمضان کی خوشیوں میں وہ ہر سال اس جیل کے قیدیوں کو یاد رکھتے ہیں ان کے ساتھ افطار ، نماز مغرب اور طعام کے ذریعہ ان میں خوشی کا احساس پیدا کرتے ہیں ۔۔