قیدیوں کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت ، 30 کروڑ کی آمدنی

تلنگانہ کے جیلوں میں محکمہ محابس کی اشیاء معیاری اور پائیدار ، عوام کا اظہار پسندیدگی
حیدرآباد۔8اگسٹ (سیاست نیوز) قیدیوں کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کی فروخت سے محکمہ محابس کو 30کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے اور پیپلز پلازہ پر جاری دستکاری نمائش میں بھوپال‘ چینائی ‘ بنگلورو اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے دستکاراس نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ پیپلز پلازہ پر جاری دستکاری نمائش توال‘ بیڈ شیٹ‘ کارپیٹ کے علاوہ دیگر اشیاء کی فروخت کی جا رہی ہے اور اس میں ریاست تلنگانہ کی جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کی فروخت بھی جاری ہے اور لوگ ان اشیاء کو خرید رہے ہیںاور حکومت کے ساتھ محکمہ محابس کی جانب سے ان اشیاء کی فروخت کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔مسٹر اے نرسمہا آئی جی پی محابس نے بتایا کہ سال گذشتہ 12کروڑ منافع حاصل ہو ا تھا اور جاریہ سال محکمہ محابس کا منافع 30 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ محابس 2000 کا عملہ ہے اور 7000 قیدی ہیں جو اشیاء تیار کرنے میں مصروف تھے۔ محکمہ محابس کی جانب سے جو اشیاء تیار کی جا رہی ہیں ان میں فرنیچر ‘ دستی پارچہ ‘ اور دیگر اشیاء موجود ہیں جو فروخت کیلئے رکھے گئے ہیں۔ چنچل گوڑہ جیل پر موجود آؤٹ لیٹ پر روزانہ کی فروخت 20 ہزار روپئے تک پہنچ چکا ہے ۔ محکمہ محابس کی آمدنی اور منافع میں اضافہ سے محکمہ کے عہدیدارو ںکے حوصلہ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور عوام میں بھی دستکاری اشیاء کی خریدی اور جیل میں تیار تیار کردہ اشیاء کی خریدی کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مسٹراے نرسمہا نے بتایا کہ ریاست کی جیلوں میں تیار کی جانے والی اشیاء معیار کے اعتبار سے کافی بہتر ہے اور یہ بات عوام کے سمجھ میں آنے لگے ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے ریاست کے مختلف محکمہ جات میں دستکاری اشیاء کے استعمال کے رجحان میں اضافہ کیلئے کی جانے والی کوششوں اور دستکاروں کو اعزازات کے باعث بھی محکمہ محابس کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت میں بہتری پیدا ہونے لگی ہے اورآئندہ برسوں میں اس آمدنی میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور ان اقدامات کیلئے عہدیداروں اور کام کاج میں مصروف دستکاروں سے بھی مشورے لیتے ہوئے ان پر عمل کیا جائے گا۔ ریاستی محکمہ محابس نے محکمہ کی آمدنی میں اضافہ اور قیدیوں کے چال چلن کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کا آغاز کیا ہے جس میں پٹرول پمپ کے آغاز کے علاوہ آؤٹ لیٹس کے قیام اور نمائش میں اسٹال کے ذریعہ قیدیوں کی تیار کردہ اشیاء فروخت کی جائیںمحکمہ کے ان اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔