قیدیوں کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن نے ’ عیدی ‘ روانہ کی

نئی دہلی 4 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک گرمجوشانہ اقدام میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ہندوستان کی مختلف جیلوں میں قید اپنے زائد از 500 شہریوں کیلئے عید الفطر کے موقع پر عیدی روانہ کی ہے ۔ پاکستانی سفارتی مشن نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن نے پاکستانی قیدیوں کو جو ہندوستان میں ہیں عیدی روانہ کی ہے ۔ ٹویئیٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ عیدی نقدی اور دوسری اشیا کی شکل میںہے ۔ پاکستانی ذرائع کے بموجب یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنے ملک کے قیدیوں کیلئے اسطرح کا اقدام کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی مختلف جیلوں میں 505 پاکستانی شہری قید میں ہیں ۔ پاکستانی کمیشن نے جیل حکام کے نام منی آرڈر روانہ کیا ہے تاکہ یہ رقم متعلقہ قیدیوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کروائی جاسکے ۔