نئی دہلی ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سنٹرل انفارمیشن کمیشن ( سی آئی سی ) نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ ملک کی تمام جیلوں کے حکام کو ایسے قیدیوں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت کی جائے جو اپنے مبینہ جرائم پر سزاء کی نصف مدت مکمل کرچکے ہیں اور ان قیدیوں کو رہائی کی تاریخ سے واقف کروایا جائے ۔ ایک آر ٹی آئی درخواست گذار کی اپیل پر سی آئی سی نے یہ احکام جاری کئے ہیں۔ اس جہد کار نے تہاڑ جیل حکام سے یہ دریافت کیا تھا کہ آیا زیردریافت جائزہ کمیٹی جو قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کرنے کیلئے تشکیل دی گئی ہے اس کو مکمل معلومات حاصل نہیں ہیں۔ تعزیری ضابطہ قانون کی دفعہ 436۔ اے کے تحت قیدیوں کو ان کے جرم پر دی جانے والی اعظم ترین سزاء کی نصف مدت تک ہی قید میں رکھا جاسکتا ہے ۔ لیکن اس کا اطلاق سزائے موت پانے والے مجرمین پر نہیں ہوتا ۔ سپریم کورٹ نے فوجداری ضابطہ کی اس دفعہ پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے جوڈیشیل مجسٹریٹس ، چیف جوڈیشیل مجسٹریٹس اور سیشنس ججوں کو ہدایت کی تھی کہ یکم اکتوبر 2014 سے وہ ہر جیل اور قید خانوں میں دو ماہ تک ہر ہفتہ اپنا ایک اجلاس منعقد کریں ۔