قیدیوں، مجرمین اور ملزمین کی تفصیلات جمع کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کو جرائم سے پاک ریاست بنانے اور حیدرآباد کو ایک محفوظ عالمی شہر بنانے کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر محکمہ پولیس نے عصری ٹیکنالوجی کے استعمال سے مجرمین کی تمام تفصیلات یکجا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر مؤثر عمل آوری کی صورت میں مجرمین کا قانون کے ہاتھ سے بچ نکلنا ناممکن ہوجائے گا۔ محکمہ پولیس کے نئے منصوبہ کے تحت تلنگانہ کی جیلوں سے رہا ہونے والے تمام قیدیوں کو جیل سے جاتے وقت اپنی تمام مجرمانہ عادتیں چھوڑ کر باہر نکلنا ہوگا کیونکہ چھوڑنے سے قبل ان تمام قیدیوں کے نام، خاندانی نام، جنس، شناختی نشانات، متعلقہ پولیس اسٹیشن، موبائیل نمبر اور سب سے بڑھ کر آدھار نمبر کے علاوہ اگر دستیاب ہو تو ڈرائیونگ لائسنس کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔ یہ طریقہ کار نہ صرف سزاء یافتہ قیدیوں کیلئے بلکہ زیرتفتیش ملزمین، مجرمین اور ملزمین کے لئے بھی استعمال ہوگا۔ اس طریقہ کار کو ’’جیل ریلیز مانیٹرنگ سسٹم کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام مطلوب مجرمین اور ملزمین کی تفصیلات کمپیوٹر سے مربوط کی جائیں گی۔ اس طرح مطلوب افراد کی نہ صرف ریاست کے مختلف حصوں بلکہ ملک یا بیرون ملک ان کی موجودگی کی بہ آسانی نشاندہی ممکن ہوجائے گی۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اس طریقہ کار پر شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں تجرباتی طور پر عمل کیا جارہا ہے، جس سے ہمیں مرکوز و مربوط تفصیلات کے ذریعہ مجرمین اور ان کے جرائم کے بارے میں واقفیت ہوگی۔