حیدرآباد۔24فبروری(سیاست نیوز) ساٹھ سالہ طویل جدوجہد کے بعد علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آرہی ہے جس میں شہدائے تلنگانہ کی ناقابلِ فراموش قربانیوں کا اہم رول ہے۔ صدرنشین ٹی جی اوز مسٹر سرینواس گوڑ نے آج صحافت سے ملاقات پروگرام کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد اپنی پانچ سو سالہ عظیم تاریخ رکھتا ہے انہوں نے مزید کہاکہ آصف جاہی دور حکمرانی میں غیرعلاقائی عوام کوتجارت کے موقع فراہم کرنے کی پہل کی گئی اور آج بھی شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف واکناف میں قائم کئے گئے مارکٹس اس بات کی دلیل ہیںجہاں پر مہارشٹرا‘ راجستھان ‘ گجرات کے بشمول دیگر ریاستوں کے بیوپاری کاروبار کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کسی بھی علاقہ یا ریاست کے عام آدمی کے خلاف نہیںہے انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصدصرف علاقہ تلنگانہ سے آندھرا ئی قائدین کی غیرمعمولی اجارہ داری کا خاتمہ اورذاتی مفادات کی خاطر تلنگانہ کی عوام کا عرصہ حیات تنگ کرنے والے سرمائے داروں کو نکال باہر کرنا ہے ۔ انہوں نے آئی ٹی شعبہ‘ صنعت قائم کرنے والوں سے بھی اس موقع پر کہاکہ وہ گمراہ کن پروپگنڈوں میں انے کے بجائے اپنے کاروبار اور صنعتوں کے فروغ پر زیادہ توجہہ مرکوز کریں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تجارت پیشہ اور صنعت کارملازمت میں سب سے پہلے علاقائی لوگوں کو ترجیح دیں ۔