اسلام آباد۔ 6 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں طالبان شدت پسندوں سے مذاکرات کے ذریعے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے حکومت اور طالبان کی نامزد کردہ کمیٹیوں نے جمعرات کو وزیراعظم نوازشریف نے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور امن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے دونوں کمیٹیوں کے ممبران کو بتایا کہ امن کے بغیر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنا ممکن نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور بد امنی کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے اور اُن کے بقول عالمی برادری میں اپنا تشخص بحال کرنے کیلئے امن کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔ ’’بطور وزیراعظم یہ میرا آئینی، دینی، قومی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے کہ میں آگ اور خون کا سلسلہ بند کر کے ملک اور عوام کو امن دوں۔ میں اپنی یہ ذمہ داری نبھانے میں کوئی کوتاہی نہیں کروں گا‘‘۔