کابل، 24 جون (رائٹر) طالبان نے افغانستان میں مزید مغربی فوجی دستے بھیجے جانے کے خلاف وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے امریکہ کو اس ملک سے جانا پڑے گا۔ طالبان لیڈر ملا بیبۃ اللہ آخند زادہ نے عید الفطر کے پیش نظر ایک بیان میں کہا کہ اس ملک میں قیام امن کے لئے اہم رکاوٹ مغربی ممالک کی مداخلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اس ملک کو چھوڑ جانا ہوگا۔ تاہم، بیان میں افغانستان میں امریکی پالیسی کے سلسلے میں واشنگٹن میں حال میں ہونے والی بحث کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔ طالبانی لیڈر نے ملک کی مکمل آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں اسلامی نظام کا قائم کیا جانا ضروری ہے ۔انہوں نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد تین ہزار سے پانچ ہزار تک بڑھائے جانے کے منصوبے کے خلاف خبردار کیا۔ تاہم، انہوں نے دنیا کے ساتھ بامعنی اور خوشگوار تعلقات بنانے کا وعدہ کیا۔