قیامِ مکہ و مدینہ کے دوران عازمین کو ذکر و اذکار اور عبادتوں میں مصروف رہنے کا مشورہ

دونوں مقامات پر عبادات کا زیادہ اجر و ثواب، تلبیہ کی گونج میں آٹھواں قافلہ جدہ روانہ
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے عازمین کا آٹھواں قافلہ آج رات جدہ کیلئے روانہ ہوگیا۔ اس طرح حج کمیٹی کے ذریعہ ابھی تک جملہ 2700 عازمین حج روانہ ہوچکے ہیں۔ آٹھویں قافلہ کو حج ہاوز سے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور اور ایکزیکیٹو آفیسر جناب عبدالحمید نے وداع کیا۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین حج کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کیا گیا جہاں خصوصی حج ٹرمنل میں ان کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔ سعودی ایر لائنز کی فلائیٹ مقررہ پروگرام سے نصف گھنٹہ قبل ہی روانہ ہوگئی۔ حج ہاوز میں سینکڑوں کی تعداد میں عازمین کے رشتہ داروں اور دوست احباب نے وداع کیا۔ آٹھویں قافلہ میں تمام 300 عازمین کا تعلق حیدرآباد سے ہے جس کے باعث وداع کرنے والوں کی تعداد روزانہ کے مقابلہ میں زیادہ تھی۔ حج ہاوز میں عازمین کی وداعی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے اور تلبیہہ کی گونج میں عازمین کی بسیں روانہ ہوئیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران حج سے متعلق اُمور کی انجام دہی پر توجہ دیں اور کسی بھی معلومات کے سلسلہ میں قافلہ میں موجود اہل علم افراد سے رجوع ہوں۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ قیام سعودی عرب کے دوران اپنا زیادہ وقت عبادتوں میں صرف کریں تاکہ حج کے حقیقی مقصد کی تکمیل ہوسکے۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط کی بھی پابندی کریں تاکہ کسی بھی دشواری سے بچ سکیں۔ ایکزیکیٹو آفیسر جناب عبدالحمید نے عازمین حج کو سفر کے دوران احتیاطی اقدامات سے آگاہ کیا۔ مولانا عبدالرحمن الحموی نے فضائل حج و عمرہ بیان کئے اور کہا کہ قیام مکہ و مدینہ کے دوران عازمین کو اپنا وقت ذکر و اذکار اور عبادتوں میں صرف کرنا چاہیئے کیونکہ ان مقامات کی حاضری بار بار نصیب نہیں ہوتی۔ دونوں مقامات پر عبادات کا اجر و ثواب بھی زیادہ ہے لہذا عازمین حج کو اس موقع کا بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے ایام حج کے دوران انجام دیئے جانے والے اُمور کی بھی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے سفر حج کے دوران عازمین کو صبر و تحمل سے کام لینے اور دوسروںکیلئے ایثار کا جذبہ پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ عازمین حج کا نواں قافلہ کل رات 8:30بجے روانہ ہوگا، اس قافلہ میں بھی موجود تمام 350 عازمین کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔