نئی دہلی میں آج اقلیتی فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف گورنرس کا اجلاس
حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) نیشنل میناریٹی ڈیولپمنٹ اینڈ فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف گورنرس کا اجلاس کل 3ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا جس میں مختلف ریاستوں میں قومی کمیشن کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ بورڈ آف گورنرس میں آندھرا پردیش اقلیتی فینانس کارپوریشن کو نمائندگی حاصل ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور اس اجلاس میں شرکت کیلئے آج شام نئی دہلی روانہ ہوئے۔ سکریٹری اقلیتی اُمور حکومت ہند وائی پی سنگھ کے علاوہ قومی اقلیتی فینانس و ترقیاتی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر اجلاس میں شریک ہوںگے۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ آف گورنرس آئندہ مالیاتی سال کیلئے حکومت ہند کی مختلف اسکیمات اور اس کیلئے بجٹ کی منظوری کا جائزہ لیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور اس اجلاس میں آندھرا پردیش میں مرکزی حکومت کی اسکالر شپ اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ وہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد دو نئی ریاستوں کے قیام کے پس منظر میں دونوں ریاستوں کو مرکزی کمیشن سے زائد فنڈز کی منظوری کی بھی سفارش کریں گے۔ وہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اسکالر شپ کے علاوہ سیول سرویسس اور ایمسیٹ کی کوچنگ اور ٹریننگ و ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت نئی اسکیمات کی منظوری کی بھی نمائندگی کریں گے۔ وہ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی اُمور حکومت ہند اور منیجنگ ڈائرکٹر قومی کارپوریشن کو نوٹ حوالے کریں گے۔ واضح رہے کہ قومی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں متحدہ آندھرا پردیش دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرچکا ہے۔